نرسری تا دوم طلبہ کا تعلیمی بوجھ کم، نیا نصاب متعارف کرانے کی تیاری
حکومت کا چائلڈ فرینڈلی نصاب لانے کا فیصلہ، سرگرمیوں اور لائف اسکلز پر زور
حکومت نے نرسری سے جماعت دوم تک کے طلبہ پر تعلیمی بوجھ کم کرنے کی تجویز پر پیش رفت کرتے ہوئے آئندہ تعلیمی سال کے لیے چائلڈ فرینڈلی نصاب متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق اس اقدام کا مقصد کم عمر بچوں کے لیے سیکھنے کے عمل کو آسان اور دلچسپ بنانا ہے۔
نئے نصاب کے تحت ابتدائی کلاسز میں روایتی پڑھائی کے بوجھ کو کم کرکے بچوں کو مختلف تعلیمی اور تخلیقی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا، تاکہ ان کی ذہنی نشوونما بہتر انداز میں ہو سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ نصاب کو بچوں کی عمر اور ذہنی سطح کے مطابق ترتیب دیا جائے گا۔
تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ سوشل سائنسز اور شہری تعلیم کو دوبارہ نصاب کا حصہ بنایا جائے گا، جبکہ طلبہ کو لائف اسکلز، کلائمیٹ چینج اور دیگر معلوماتی موضوعات سے بھی روشناس کرایا جائے گا تاکہ انہیں عملی زندگی کے لیے بہتر طور پر تیار کیا جا سکے۔
مزید برآں، وفاق اور صوبوں کے درمیان نئے نصاب پر اتفاق رائے ہو چکا ہے اور ماہرین تعلیم کی مشاورت سے اصلاحاتی عمل کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ اس نئے نصاب کا اطلاق آئندہ تعلیمی سیشن سے متوقع ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق نصاب میں بہتری سے بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی، جو نظام تعلیم میں ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگی۔