پنجاب میں 31 مارچ تک تمام سکول بند رکھنے کی ہدایت جاری
اساتذہ کو رزلٹ گھر سے تیار کرنے کی ہدایت، صرف مخصوص طلبہ کو امتحان کے لیے سکول آنے کی اجازت
حکومتِ پنجاب کی جانب سے جاری اہم تعلیمی ہدایات کے مطابق صوبے بھر میں 31 مارچ تک تمام سرکاری و نجی سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دوران کسی بھی استاد یا طالب علم کو بلا ضرورت سکول بلانے سے سختی سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم نے اساتذہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ طلبہ کے نتائج (رزلٹ) گھر سے ہی تیار کریں، ریوارڈ لسٹس مکمل کرنے کے بعد اپنے متعلقہ اداروں کے سربراہان کے ساتھ شیئر کریں۔ طلبہ کو رزلٹ آن لائن فراہم کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ نئی ہدایات جاری ہونے تک پی ٹی ایم (PTM) یا دیگر تعلیمی سرگرمیوں کے لیے سکول طلبہ یا اساتذہ کو بلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح بلا ضرورت تدریسی عملے کو سکول بلانے سے بھی اجتناب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایس بی اے (SBA) امتحانات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ صرف وہی طلبہ سکول آئیں گے جن کے ایک یا دو پرچے باقی ہیں، جبکہ متعلقہ عملہ بھی صرف انہی امتحانات کے انعقاد کے لیے موجود ہوگا۔ نویں، دسویں، فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کے طلبہ کو سکول نہ بلانے کی ہدایت برقرار رکھی گئی ہے۔ یہ ہدایات پرائمری سکولز پر بھی لاگو ہوں گی اور پرائمری اساتذہ کو بھی رزلٹ کی تیاری گھروں سے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکام نے تمام سربراہان اور اساتذہ کو ہدایت پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا کہا ہے۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ سکولوں کی بندش سے متعلق یہی ہدایات حتمی ہیں اور کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھرا جائے۔