پنجاب میں اساتذہ و طلبہ کی آن لائن حاضری لازمی قرار

پنجاب میں اساتذہ و طلبہ کی آن لائن حاضری لازمی قرار

تمام سکولز کو ٹائمنگ کے 30 منٹ کے اندر حاضری اپڈیٹ کرنے کی ہدایت، MEA بھی اسی ریکارڈ کے پابند

پنجاب کے تمام پرائمری، ایلیمنٹری، ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولز کے لیے اساتذہ اور طلبہ کی حاضری آن لائن درج کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم کی ہدایات کے مطابق ہر سکول کو حاضری کا مکمل ریکارڈ ڈیجیٹل سسٹم میں بروقت اپڈیٹ کرنا ہوگا۔ اعلامیے کے مطابق سکول ٹائمنگ کے بعد زیادہ سے زیادہ 30 منٹ کے اندر حاضری درج کرنا ضروری ہے۔ مثال کے طور پر اگر سکول کا آغاز صبح 8 بجے ہوتا ہے تو حاضری 8:30 بجے تک لازمی اپڈیٹ کی جائے گی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سکولوں میں حاضری کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنانا ہے تاکہ اساتذہ اور طلبہ کی موجودگی کا درست ریکارڈ برقرار رکھا جا سکے۔ مزید برآں مانیٹرنگ کے لیے تعینات (MEA) کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے دوروں کے دوران وہی حاضری درج کریں جو آن لائن سسٹم میں پہلے سے اپڈیٹ ہو چکی ہو۔ محکمہ تعلیم نے تمام متعلقہ عملے کو ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کی ہے تاکہ نظام کو مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔