پنجاب بورڈز کے میٹرک کے قوانین اپڈیٹ، پاسنگ مارکس 40 فیصد مقرر

نویں و دسویں جماعت کے کل نمبر 1200 برقرار، ہر مضمون میں کم از کم 40 فیصد لازمی قرار

پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز نے میٹرک امتحانات سے متعلق نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے کل نمبروں اور پاسنگ پالیسی میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
نئے قواعد کے مطابق میٹرک (نویں اور دسویں جماعت) کے مجموعی نمبر 1200 ہوں گے، جن میں نویں جماعت کے 555، دسویں جماعت کے 555 اور پریکٹیکل امتحانات کے 90 نمبر شامل ہیں۔ پریکٹیکل نمبرز دسویں جماعت کے امتحانات کے بعد شمار کیے جائیں گے۔
پاسنگ پالیسی میں نمایاں تبدیلی کرتے ہوئے اب ہر مضمون میں کم از کم 40 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ اس سے قبل یہ شرح 33 فیصد تھی۔ اس نئے فیصلے کے تحت 100 نمبر کے پرچے میں 40، 75 میں 30، 60 میں 24 اور 50 نمبر کے پرچے میں 20 نمبر حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
حکام کے مطابق طلبہ کو ہر مضمون میں الگ الگ پاس ہونا ہوگا، بصورت دیگر متعلقہ مضمون میں سپلی (Supplementary) شمار کی جائے گی، چاہے مجموعی نمبر کتنے ہی کیوں نہ ہوں۔
اس کے علاوہ بورڈز بتدریج گریڈنگ سسٹم کی طرف منتقل ہو رہے ہیں، تاہم فی الحال مارکس شیٹ پر نمبروں کے ساتھ گریڈز بھی درج کیے جائیں گے۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق اس نئی پالیسی کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا اور طلبہ کی کارکردگی کو مزید مؤثر انداز میں جانچنا ہے، جو مستقبل میں نظام تعلیم میں مثبت تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔